13 اگست 2014 - 06:48
انتخابات میں دھاندلی، سپریم کورٹ کمیشن بنائے

پاکستان میں سیاسی گرما گرمی کے دوران وزیراعظم نوازشریف نے میڈیا پر آ کر گفتگو کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت انتخابات 2013ء میں دھاندلی کے الزمات کا جائزہ لینے کیلئے سپریم کورٹ سے کمیشن بنانے کی درخواست کر رہی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سیاسی گرما گرمی کے دوران وزیراعظم نوازشریف نے میڈیا پر آ کر گفتگو کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت انتخابات 2013ء میں دھاندلی کے الزمات کا جائزہ لینے کیلئے سپریم کورٹ سے کمیشن بنانے کی درخواست کر رہی ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر اسکے بعد بھی کسی احتجاج کی ضرورت ہے تو قوم خود فیصلہ کرے۔ ملت پاکستان سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ یوم آزادی پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے پیشگی مبارکباد دیتا ہوں، یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز یکم اگست سے ہو چکا ہے اور ان تقریبات میں آپریشن ضرب عضب اور شمالی وزیرستان کے بے گھر لوگوں کے خصوصی حوالے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کا اہم تقاضہ یہ بھی ہے کہ وطن عزیز سیاسی استحکام اور پرسکون ماحول میں تعمیر و ترقی کی روشن منزلوں کی طرف بڑھتا رہے کیونکہ ہم ماضی میں انتشار کی بہت بڑی قیمت ادا کر چکے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے عام انتخابات میں دھاندلی کے دعوے پر انکا کہنا تھا کہ عام انتخابات 2013ء کو ملکی و غیر ملکی میڈیا نے کوریج دی اور 200 کے قریب غیر ملکی مبصرین نے انہیں شفاف قرار دیا لیکن ایک خاص جماعت کی جانب سے انتخابات میں مسلسل دھاندلی کا الزام لگایا گیا جس کے بعد حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی سپریم کورٹ کے کمیشن کے ذریعے تحقیقات کرائی جائیں گی جس کے لیے حکومت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ان دنوں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے 14 اگست کو اسلام آباد میں آزادی اور انقلاب مارچ کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں سیاسی گرما گرمی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔

.......

/169